مظفر پور، 25/ نومبر (وجاہت، بشارت رفیع) قومی اساتذہ تنظیم کی ایک اہم نشست ہوئی جس میں 13 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش ، قومی یومِ تعلیم اور قومی اساتذہ تنظیم بہار کے یومِ تاسیس کے موقع سے منعقد کئے گئے سیمینار و اعزازیہ تقریب کا جائزہ لیا گیا اور پروگرام کی کارکردگی سے سبھی موجود اراکین تنظیم نے خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر حال میں رحلت فرمانے والے سیکینڈری اسکول مکھرجی سیمینری مظفر پور کے پرنسپل محمد اظہار، اردو مڈل اسکول چک عبدالواحد کے پرنسپل انچارج شکیل احمد اور اردو پرائمری اسکول جامع العلوم کے معلم محمد غفران کی یاد میں ایک تازیاتی نشست بھی ہوئی۔ قومی اساتذہ تنظیم بہار کے سرپرست عبدالحسیب، ریاستی کنوینر محمد رفیع، سیکریٹری محمد تاج الدین ، ریاستی مجلس عاملہ کے رکن محمد رضوان، ندیم انور، نسیم اختر، محمد امان اللہ، ضلع صدر شمشاد احمد ساحل، سیکریٹری آفتاب عالم ، خازن محمد حماد ، محمد سجاد وغیرہ کی موجودگی میں محمد تاج الدین نے قرآن خوانی کی اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔ دعا میں سب نے شرکت کر دعا کی کہ مرحومین کی اللہ تعالیٰ مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں انہیں اعلی مقام عطا فرمائے ، پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اس موقع پر مرحومین کی خصوصیت کی پزیرائی کی گئی۔