دہرادون: وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی ہدایات کے بعد اتراکھنڈ میں سرکاری زمین پر غیر قانونی مذہبی تعمیر کے معاملے میں انتظامیہ نے لگاتار کارروائی انجام دی ہے۔ یہ کارروائی محکمہ جنگلات کی جانب سے کی گئی۔ اب تک انتظامیہ کی جانب سے جنگلاتی علاقے سے 29 مندر اور 256 غیر قانونی مزاروں کو ہٹایا گیا ہے۔ جبکہ تقریباً 68 ہیکٹر رقبہ کو تجاوزات سے پاک کرنے کی کارروائی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کئی شناخت شدہ عمارتوں کو نوٹس بھیجے گئے ہیں۔اتراکھنڈ میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ریاست بھر میں محکمہ جنگلات کی زمین پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس کے تحت اب تک تقریباً 500 ایسی مذہبی عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو سرکاری زمین پر تعمیر کی گئی ہیں۔ ان میں سے 285 عمارتوں کو بلڈوزر کے ذریعے ہٹا دیا گیا ہے۔ جبکہ باقی عمارتوں کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں اور غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ایسا کرنے میں ناکامی ان کے خلاف قانونی کارروائی کا باعث بن سکتی ہے۔