نئی دہلی: اگر آپ ٹرین میں سفر کر رہے ہیں تو آپ کو اپنا سامان خود سنبھالنا ہو گا کیونکہ اگر سامان چوری ہو گیا تو اس کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔ جی ہاں! سپریم کورٹ نے ریلوے کو ریلیف دیتے ہوئے اہم فیصلہ سنا دیا، جس کے تحت اگر آپ کا کوئی سامان یا پیسہ چوری ہوتا ہے تو آپ اس کا ذمہ دار ریلوے کو نہیں ٹھہرا سکتے، بلکہ آپ کو اپنے پیسے اور سامان کا خود خیال رکھنا ہوگا۔
سپریم کورٹ نے جمعرات (16 جون) کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ’’ٹرین میں سفر کے دوران اگر کسی مسافر کے پیسے چوری ہوتے ہیں، تو اسے ریلوے کی خدمات میں کوتاہی نہیں سمجھا جا سکتا۔‘‘ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے ضلع، ریاستی اور قومی صارف فورم کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جس میں ریلوے کو ایک لاکھ روپے ادا کرنے کو کہا گیا تھا۔