ہندستانی پرچار سبھا، (ممبئی)1942ء میں مہاتما گاندھی کے ذریعے قائم کیا گیا ایک لسانی/ادبی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد ”ہندستانی زبان“ آسان اردو اور آسان ہندی کی ترقی و ترویج ہے۔ اس ادارہ کے سرپرستوں میں گاندھیائی طرز فکر کے حامل سماجی جہدکاروں کے علاوہ ممتاز سماجی و سیاسی رہنما جیسے پنڈت جواہر لال نہرو، ڈاکٹر ذاکر حسین، کاکا صاحب کالیکر، بالا صاحب کھیر، شریمن نارائن اگروال وغیرہ شامل رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ممتاز سماجی رہنما دادا بھائی نوروجی کے بڑے فرزند اردیشر کی دو دختران پیرن بین کیپٹن اور گوشی بین کیپٹن نے اس ادارہ کی ترقی کے لیے عملی طور پر اپنی زندگیاں وقف کر ڈالی تھیں۔
ہندوستانی پرچار سبھا، ایک منیجنگ کمیٹی کے علاوہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے زیرانتظام مصروف بہ کار ہے جس میں فرانسس میتھیوز، ستیش شاہ، فیروز پیچ اور اروند دیگویکر شامل ہیں۔
اس ادارہ نے ہندوستان میں زیر تعلیم بی۔اے اور ایم اے (رواں سال) کے طلبا کے لیے آن لائن اردوخطاطی مقابلہ کا اہتمام کیا۔پہلا انعام: 7500 روپے، دوسرا انعام: 5000 روپے، تیسرا انعام: 3000 روپے،یہ تین انعامات مختص کیے گئے۔ مقابلہ دو مرحلوں پر مشتمل تھا۔ اس مقابلے میں پورے ہندوستان کے مختلف مقامات جیسے اورنگ آباد، سانگلی، ممبئی، دہلی، پریاگ راج، کلکتہ وغیرہ سے بہت بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔مقابلے کے حتمی مرحلہ میں پورے ہندوستان سے 15 بہترین طلباء کا انتخاب کیا گیا۔ہندستانی پرچار سبھا نے 9فروری بروز جمعرات کوآن لائن خطاطی مقابلے کا اہتمام کیا۔
آن لائن مقابلے کے لیے دوآیات اور دو شعر طے کیے گئے۔ طلباء کو صرف کسی ایک آیت یا شعرکو منتخب کر کے لکھ کر دکھانا تھا۔آیات اور شعر ملاحظہ فرمائیں۔
۱۔بسم اللہ الرحمن الرحیم
۲۔اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِی خَلَق
۳۔ عروج آدمِ خاکی سے انجم سہمے جاتے ہیں
کہ یہ ٹوٹا ہوا تارہ مہ کامل نہ بن جائے!
۴۔ کی محمدﷺ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں
مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادیمی سے ایوارڈ یافتہ خطاط اسلم کرتپوری صاحب نے مقابلے میں جج کے فرائض انجام دیئے۔
اس مقابلے میں اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ، لکھنؤ کے طالب علم محمد زبیر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور7500روپے کا اول انعام حاصل کیا۔5000 روپے کا دوم انعام ویویکانندا کالج، دہلی کی طالب علم حنیفہ انجم انصاری نے حاصل کیا۔3000روپے کا سوم انعام حمیدیہ گرلز ڈگری کالج، پریاگراج کی طالب علم حنیفہ انجم انصاری نے حاصل کیا۔
ہندوستانی پرچار سبھا کے ڈائریکٹر سنجیو نگم نے طلباء کو شاندار فن پارے تخلیق کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ”ہمارا مقصد نوجوانوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔“انہوں نے مزید کہا،”آج کے مقابلے کے بعد، مجھے یقین ہے کہ ہندوستان میں اردو خطاطی کا مستقبل روشن ہے۔“
اس کامیابی پر راکیش کمار ترپاٹھی (پروجیکٹ کارڈینیٹر)احرار احمد (نائب مدیر ”ہندستانی زبان“سہ ماہی اردو رسالہ)،ناہیدہ خان(کمپوزیٹر آف”ہندستانی زبان“سہ ماہی اردو رسالہ)، تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔