وارانسی: بھوجپوری اداکارہ آکانکشا دوبے نے وارانسی کے ایک ہوٹل میں خودکشی کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق محض 25 سال کی آکانکشا دیر رات گئے سارناتھ کے بدھ سٹی کالونی میں واقع ہوٹل سومیندرا کے کمرہ میں پھانسی لے لی۔ پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ جبکہ فرانزک ٹیم نے کمرے کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھا کئے۔
آکانکشا یوپی کے بھدوہی ضلع کے چوری تھانہ علاقے کے تحت پارسی پور کی رہنے والی تھی اور الحال ممبئی میں رہتی تھیں۔ وہ شوٹنگ کے سلسلہ میں وارانسی آئی ہوئی تھیں۔ میک اپ آرٹسٹ راہل شرما، ہیر ڈریسر ریکھا موریا اور اسپاٹ بوائے سنجے یادو ان کے ساتھ موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق اتوار کو صبح 10 بجے ایک بھوجپوری فلم کی شوٹنگ کے لیے سیٹ سے راہل کے فون پر کال آئی کہ ہیروئن کو لے کر آ جاؤ۔
راہل نے دروازے پر دستک دی اور بیل بجائی تو کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کی اطلاع منیجر رتیش کمار مہتا کو دی گئی۔ رتیش نے انٹرکام سے کال کی۔ بھوجپوری اداکارہ آکانکشا دوبے نے جب کال نہیں اٹھائی اور ماسٹر چابی سے کمرہ کھولا گیا تو ان کی لاش دوپٹے کے سہارے پنکھے سے لٹکی ہوئی نظر آئی۔ ہوٹل کے منیجر نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچ کر تفتیش میں مصروف ہو گئی۔
آکانکشا بھوجپوری انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا چہرہ تھیں۔ آکانکشا نے ‘ویروں کے ویر’ اور ‘قسم پیدا کرنے والے کی 2’ نامی فلموں میں کام کیا تھا۔ آج 26 مارچ کو بھوجپوری سپر اسٹار پون سنگھ کے ساتھ ان کا نیا گانا ریلیز ہوا ہے۔ اس گانے کا نام ‘آرا کبھی ہارا نہیں’ ہے۔ اداکارہ نے یہ قدم کیوں اٹھایا یہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ اس خبر کے آنے کے بعد بھوجپوری انڈسٹری میں کہرام مچ گیا ہے۔ اس سے سب کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔