Homeउर्दूدیولگاؤں مہی:ضلع پریشد اردو اسکول میں 'ایوارڈ برائے صد فیصد حاضری' متعارف 

دیولگاؤں مہی:ضلع پریشد اردو اسکول میں ‘ایوارڈ برائے صد فیصد حاضری’ متعارف 

     بلڈھانہ ١١ مارچ (نمائندہ) : ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی اسکول دیولگاؤں مہی میں طلبہ کو پابندی سے اسکول آنے کی ترغیب دینے کے مقصد سے ایک انوکھی سرگرمی ‘ایوارڈ برائے صد فی صد حاضری’ شروع کی گئی ہے۔ اسی کے تحت آج اسکول انتظامی کمیٹی کے صدر اور نائب صدر کے ہاتھوں جماعت پنجم کے طلبہ اور کلاس ٹیچر کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔

            تفصیلات کے بموجب ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانی اسکول دیولگاؤں مہی بلڈھانہ ضلع کی ایسی تعلیم گاہ ہے جو طلبہ کی عمدہ تعلیم و تربیت کی کاوشوں اور انوکھے اقدامات و سرگرمیوں کے لئے علاقہ بھر میں معروف ہے۔ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے سبب کم و بیش دو سالوں تک تعلیمی ادارے بند رہے اور تعلیم و تعلم کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ اسکول سے طویل چھٹی کے باعث کئی بچوں کے لیے دوبارہ اسکول جانا ایک مشکل امر بن گیا جبکہ بعض بچے لاک ڈاؤن کے دوران معاشی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بعد پیسے کمانے کے عادی ہوگئے اور تعلیم ترک کردی۔ ایسے بچوں کو دوبارہ اسکول لانا تعلیمی اداروں و تعلیمی انتظامیہ کے لئے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد اسکولوں کی بازکشادگی کے باوجود ہنوز کئی بچے اسکولوں سے غائب ہیں۔ اسی طرح کئی بچے ایسے ہیں جو پابندی سے اسکول نہیں آرہے ہیں۔ ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانی اسکول دیولگاؤں مہی کے صدرمدرس و تدریسی عملے نے اسکول انتظامی کمیٹی کے تعاون سے اسکول میں طلبہ کی شرح حاضری بڑھانے کے مقصد سے ایک اسکیم شروع کی ہے۔ مستقل  یا اکثر غیرحاضر طلبہ کے سرپرستوں سے اسکول انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران رابطہ کرکے طلبہ کو پابندی سے اسکول بلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت روزانہ پیش درس کے اخیر میں ہر کلاس کے حاضر طلبہ کو شمار کیا جاتا ہے اور ایک ایکسل شیٹ میں حاضر طلبہ کی تعداد کا اندراج کرکے جماعت وار حاضری کا فیصد معلوم کرکے زائد شرح حاضری والی کلاسز کو سپاس نامہ پیش کیا جاتا ہے۔ جس کلاس کی حاضری سو فیصد ہوتی ہے اس کلاس کو انعام دیا جاتا ہے۔ اس اسکیم کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہورہے ہیں اور مختلف جماعتوں میں طلبہ کی حاضری میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جماعت پنجم حاضری کے معاملے میں اکثر اول مقام حاصل کر رہی ہے۔ اس جماعت کے طلبہ نے صد فیصد حاضر رہ کر ایک ریکارڈ بنایا ہے۔ اسکیم کے مطابق جماعت پنجم کے اعزاز میں ایک مختصر تہنیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں اسکول انتظامی کمیٹی کے صدر شیخ علیم اور نائب صدر شیخ فرید نے شرکت کی۔ نائب صدر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے پابندی سے اسکول آنے کی اہمیت و افادیت بیان کی۔ صدر و نائب صدر نے صد فی صد حاضری کے لئے جماعت پنجم کے طلبہ اور کلاس ٹیچر ریاض احمد سر کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اسکول  کی تمام جماعتوں کے طلبہ صد فیصد حاضری کے لئے کوشش کریں گے۔ تقریب میں اسکول انتظامی کمیٹی کے صدر شیخ علیم اور نائب صدر شیخ فرید کے ہاتھوں جماعت پنجم کے طلبہ اور کلاس ٹیچر ریاض احمد سر کو دیوار گھڑی انعام میں دی گئی۔ اس موقع پر اسکول کے صدرمدرس شیخ ضمیر رضا سر اور اساتذہ شیخ افسر سر، لحاظ احمد سر، شیخ امین سر ، سعیدہ باجی، وسیم دیشمکھ سر اور عبدالرحمٰن سر و دیگر موجود تھے۔

9420148148

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments