مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج جلپائی گوڑی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی انھوں نے پیشین گوئی کی کہ بی جے پی کی عمر اب صرف 6 ماہ رہ گئی ہے، کیونکہ فروری ماہ میں لوک سبھا انتخاب کرائے جائیں گے۔ ممتا بنرجی نے 2024 میں مودی حکومت کر اقتدار سے بے دخل کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے ملک اور ریاست کے موجودہ حالات کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے بی ایس ایف سے غیر جانبدار ہو کر کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ سبھی بی ایس ایف خراب نہیں ہوتے ہیں۔ ممتا نے کہا کہ ’’مودی آج ہیں اور کل چلے جائیں گے، یہ سمجھنا ہوگا۔ آج کوچ بہار میں بنگلہ دیش بارڈر سے آ کر گولی مار کر کوئی چلا گیا ہے۔ ہم لوگ کارروائی کر رہے ہیں۔‘‘