مدھیہ پردیش کانگریس کے سربراہ کمل ناتھ نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ وہ منگل کو ہولیکا دہن سے پہلے ‘ہنومان چالیسہ’ پڑھیں۔ انہوں نے کہا ایسا اس لئے کریں کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں بھگوان ہنومان کی “بے عزتی” کی گئی ہے۔ 4 اور 5 مارچ کو رتلام میں منعقدہ 13 ویں مسٹر جونیئر باڈی بلڈنگ مقابلے کے مقام پر خواتین باڈی بلڈرز نے بھگوان ہنومان کی تصویر کے ساتھ کھڑے ہو کر تصویر کھچوائی جس پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اس ہنگامہ کے بعد کانگریس کے مقامی رہنماؤں نے اس مقام پر گنگا جل چھڑکا اور ہنومان چالیسہ پڑھا۔کانگریس رہنما کمل ناتھ نے کہا کہ سناتن دھرم کی روایت رہی ہے کہ ہولی کے دن ہولیکا دہن کے دوران تمام برائیوں کو جلا کر راکھ کر دیا جائے۔ “ہم نے حال ہی میں دیکھا کہ کس طرح رتلام میں بی جے پی کے پروگرام میں بھگوان بجرنگ بلی کی بے عزتی کی گئی۔ ہندو دھرم کی اس توہین سے میرا دل دکھی ہے۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ آج اپنے شہر اور گاؤں میں برائی کے پتلے جلائیں اور نیکی کو جگانے کے لئے ’ہنومان چالیسہ‘ کا ورد کریں۔ رات کو روایت کے مطابق ہولیکا دہن میں حصہ لیں۔‘‘