نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کی وجہ سے تحریک تیز ہوتی جا رہی ہے۔ سونی پت ضلع کے منڈلانا گاؤں کے اسٹیڈیم میں آج خاتون پہلوانوں کی حمایت میں ایک مہاپنچایت کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کسان لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی ہفتہ کو مہاپنچایت کی تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے۔ اس دوران چڈھونی نے کہا کہ مہا پنچایت میں پہلوانوں کی رائے کے مطابق بڑے فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہاپنچایت میں 20 ہزار سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔ اس کے لیے چار ایکڑ میں شامیانہ نصب کیا گیا ہے۔
کسان لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی نے کہا کہ ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کے کسان بھی اس مہاپنچایت میں پہنچنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق گورنر ستیہ پال ملک، آر ایل ڈی لیڈر جینت چودھری اور چندر شیکھر بھی اس مہاپنچایت میں شرکت کریں گے۔ چڈھونی نے کہا کہ سابق گورنر ستیہ پال ملک کو بار بار سی بی آئی کے چھاپوں سے پریشان کیا جا رہا ہے۔ اس لیے ستیہ پال ملک بھی اس مہاپنچایت میں شرکت کریں گے۔ مہاپنچائیت کا وقت اتوار کی صبح 10 بجے رکھا گیا ہے۔