کانپور: اتر پردیش کے کانپور دیہات میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک جھونپڑی میں آگ لگنے سے تین بچوں سمیت پانچ افراد زندہ جل گئے۔ یہ واقعہ رورا پولیس سرکل کے تحت ہرماؤ بنجاراڈیرا گاؤں میں پیش آیا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ قرار دی جا رہی ہے۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ستیش کمار، ان کی بیوی کاجل اور ان کے تین بچوں کے طور پر ہوئی ہے۔
جھونپڑی میں آگ لگنے کے بعد چاروں طرف کہرام مچ گیا۔ آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا۔
آگ بجھانے کی کوشش کرنے والی ستیش کی ماں بھی جھلس گئیں۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بزرگ شہری اور پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ جب ستیش اور ان کا خاندان سو رہا تھا تو چھت پر نائٹ بلب میں آگ لگ گئی۔ وہیں، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے اور عہدیداروں سے زخمیوں کا مناسب علاج یقینی بنانے کو کہا ہے۔