Homeउर्दूکرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، 10 مئی کو ایک مرحلہ...

کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، 10 مئی کو ایک مرحلہ میں پولنگ، 13 مئی کو تنائج

نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ انتخابات کے لیے پولنگ ایک مرحلہ میں 10 مئی کو ہوگی، جبکہ 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعے یہ اطلاع دی گئی۔

کرناٹک کے ساتھ پنجاب کی ایک پارلیمانی سیٹ (جالندھر) اور کئی ریاستوں کی اسمبلی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوپی کی سوار اور چھامبے، اوڈیشہ کی جھاڑسوگدا، اور میگھالیہ کی شیلانگ اسمبلی سیٹ پر بھی کرناٹک کے ساتھ 10 مئی کو پولنگ ہوگی، جبکہ 13 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے اطلاع دی کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن 13 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 20 اپریل تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ 21 اپریک کو نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ جبکہ نامزدگیوں کو واپس لینے کی تاریخ 24 اپریل ہوگی۔ 15 مئی تک انتخابات کو مکمل کرایا جانا ہے۔

قبل ازیں، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ کرناٹک میں 19-2018 کے مقابلہ پہلی بار ووٹروں کی تعداد میں 9.17 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ تمام نوجوان رائے دہندگان جو یکم اپریل تک 18 سال کے ہو جائیں گے، کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

کرناٹک میں کل 52173579 ووٹر ہیں اور ریاست بھر میں 58282 پولنگ مراکز وائم کئے جائیں گے۔ ریاست میں 224 ایسے بوتھ بنائے جائیں گے جن میں نوجوان ملازمین تعینات رہیں گے، جبکہ 100 بوتھوں پر جسمانی طور پر معذور افراد تعینات رہیں گے۔

خیال رہے کہ ریاستی اسمبلی کی مدت کار 24 مئی کو ختم ہونے جا رہی ہے۔ کرناٹک میں آخری بار مئی 2018 میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے۔ ریاست میں اسمبلی کی 224 سیٹیں ہیں اور گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 104 سیٹیں جیتی تھیں۔ جبکہ، کانگریس کو 80 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ جے ڈی ایس نے 37 سیٹیں جیتی تھیں اور کسی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔

سابقہ انتخابات کے بعد کانگریس اور جے ڈی ایس نے مخلوط حکومت قائم کی تھی اور جے ڈی ایس لیڈر کماراسوامی وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ تاہم، یہ مخلوط حکومت تقریباً 14 ماہ بعد گر گئی تھی اور بی جے پی پر حکومت گرانے کا الزام عائد ہوا۔ بی جے پی نے کانگریس چھوڑنے والے ایم ایل اے کے ساتھ بی ایس یدی یورپا کی قیادت میں حکومت بنائی۔ یدی یورپا نے دو سال بعد وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اس کے بعد بسواراج بومئی ریاست کے وزیراعلیٰ بنے۔

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments