محمد رفیع نے وزیر اعلی و وزیر تعلیم سمیت تمام اعلی افسران کو لکھا خط
پٹنہ، 16/ مئی، استاد کی بحالی یا اہلیت میں نرمی کے لیے BPSC امتحان سے پہلے اردو، فارسی اور عربی مضامین کے لئے خصوصی STET امتحان کے انعقاد کے سلسلے میں قومی اساتذہ تنظیم بہار نے حکومت بہار سے مانگ کی ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی کنوینر قومی اساتذہ تنظیم بہار محمد رفیع نے وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ، بہار تیجسوی پرساد یادو، وزیر تعلیم، بہار پروفیسر چندرشیکھر،
چیف سکریٹری، بہار، عامر سبحانی، پرنسپل سکریٹری، محکمہ تعلیم، بہار دیپک کمار سنگھ کو خط لکھا ہے۔ جناب رفیع نے کہا کہ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی اسکولوں میں اردو کے ساتھ ساتھ فارسی اور عربی زبانوں کے اساتذہ کی بحالی کے لئے اسامیاں دینا قابل تحسین اقدام ہے لیکن BPSC امتحان میں شرکت کے لئے B.Ed اور STET پاس کرنا ضروری ہے۔ سیکنڈری ٹیچرس کے لئے، اردو سے STET پاس کرنے والے چند امیدوار ہوں گے جبکہ ہائر سیکنڈری میں ان کی تعداد صفر ہے۔ دوسری جانب سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری میں فارسی اور عربی مضامین سے پاس ہونے والے STET کی تعداد صفر ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ بچوں کو اساتذہ مل سکیں، اور اردو، فارسی اور عربی مضامین کے اساتذہ کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اس کے لئے اردو، فارسی اور عربی مضامین کے لئے خصوصی STET امتحان BPSC امتحان سے قبل منعقد کیا جانا چاہئے۔ بصورت دیگر بی پی ایس سی میں حاضر ہونے والے امیدوار نہیں ملیں گے اور حکومت ان مضامین کے اساتذہ کی بحالی کے مقصد میں ناکام ہو گی۔ اگر خصوصی STET امتحان کے انعقاد میں دشواری ہو، تو BPSC کی اہلیت کے معیار میں نرمی کی جانی چاہئے۔ اردو، فارسی اور عربی مضامین کے طلبہ کو اساتذہ ملنی چاہئے، اس لئے صد فی صد بحالی کو یقینی بنایا جائے، اگر ضرورت ہو تو اس کے لئے قواعد اساتذہ بحالی ضابطہ 2023) میں ترمیم کی جائے۔