تعلیم ہی ہر خاص و عام کی تقدیر بدل سکتا ہے : عبدالسلام انصاری
پٹنہ، یکم اپریل، (پریس ریلیز) بہار کے لال شیخ پورہ ضلع کے محمد رومان اشرف نے بہار اسکول اکزامینیشن بورڈ پٹنہ کے درجہ دسویں میں 489 (97.8 فیصد) نمبر لاکر بہار میں ٹاپ کیا ہے۔ ان کی نمایاں کامیابی کے لئے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے چیئرمین جناب عبدالسلام انصاری نے محمد رومان اشرف ان کے والدین، اسلامیہ ہائی اسکول، شیخ پورہ کے پرنسپل و اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جناب انصاری نے اس موقع پر کہا ہے کہ رومان اشرف کی کامیابی سے ضلع شیخ پورہ، صوبہ بہار کا نام روشن ہوا ہے اور مسلم معاشرہ میں اس سے ایک اچھا پیغام گیا ہے۔ محمد رومان اشرف کی کامیابی سے ہمارے بچوں میں تعلیم کی طرف رجحان بڑھے گا اور وہ بھی نمایاں کامیابی حاصل کرنا چاہیں گے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسے بچوں کا حوصلہ بڑھائیں اور ہر ممکن مدد کریں تاکہ وہ مسلم معاشرہ کے ساتھ ہی ریاست و ملک کا نام روشن کرے۔ جناب عبدالسلام انصاری نے رومان اشرف کے ساتھ ہی اسٹیٹ ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے والے مظفر پور ضلع ٹاپر سبطین رضا و امتحان میں کامیاب بہار کے تمام طلبہ و طالبات کو بھی ان کی کامیابی پر مبارکباد دیا اور ان کو بھی زندگی میں کڑی محنت کر ملک میں اپنے خاندان، ضلع اور صوبہ کا نام روشن کرنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ چیز ہے جو ہر خاص و عام کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ اس لئے حصول تعلیم کو ہی اصل مقصد بنایا جانا چاہئے۔