18 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید ایک ’وندے بھارت ٹرین‘ کا افتتاح کیا، جس کے بعد ہندوستان میں اب مجموعی طور پر 17 وندے بھارت ٹرینیں فعال ہو گئی ہیں۔ نئی وندے بھارت ٹرین پوری-ہوڑہ روٹ پر چلائی گئی ہے، اور اس طرح اڈیشہ کو اس کی پہلی وندے بھارت ٹرین مل گئی ہے۔ پی ایم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نئی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جب پوری-ہوڑہ روٹ پر نئی وندے بھارت ایکسپریس کو پی ایم مودی نے ہری جھنڈی دکھائی تو اس دوران وزیر ریل اشونی ویشنو پوری ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے۔ یہ ٹرین اڈیشہ کے لیے پہلی وندے بھارت ایکسپریس ہے، لیکن مغربی بنگال کے لیے یہ دوسری وندے بھارت ٹرین ہو گئی ہے۔ مغربی بنگال کے لیے اس سے قبل ہوڑہ سے نیو جلپائی گوڑی روٹ پر وندے بھارت ٹرین کا افتتاح ہو چکا ہے۔