کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت 7 اگست کو بحال ہو گئی تھی، اور ایک دن بعد یعنی آج ان کو پرانا سرکاری بنگلہ بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔ ہاؤسنگ کمیٹی نے انھیں دہلی کے 12 تغلق لین والا بنگلہ واپس دے دیا ہے جسے انھوں نے رواں سال 22 اپریل کو خالی کیا تھا۔ بنگلہ واپس ملنے کے بعد راہل گاندھی کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’میرا گھر پورا ہندوستان ہے۔‘‘
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مودی سرنیم سے جڑے ہتک عزتی کے ایک معاملے میں راہل گاندھی کی سزا پر جمعہ (4 اگست) کو روک لگا دی تھی۔ اسی کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت بحال کر دی گئی۔ اس سلسلے میں 7 اگست کو نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، اور اب 8 اگست کو ان کا بنگلہ بھی واپس مل گیا ہے۔