بی جے پی-آر ایس ایس کو عوام کی تکلیفوں سے فرق نہیں پڑتا، یہ اقتدار کے لیے منی پور کیا ملک کو بھی جلا دیں گے! راہل گاندھی

0
136

نئی دہلی: منی پور میں تشدد اور دو خواتین کی برہنہ پریڈ کے خلاف سڑک سے پارلیمنٹ تک اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم کی خاموشی پر حملہ کیا ہے۔ یوتھ کانگریس کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ سب نے دیکھا ہے کہ منی پور میں کیا ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ اس بات پر بضد ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ میں منی پور پر بیان دیں اور اس پر تفصیلی بحث کی جائے۔ جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن کے مطالبے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور پارلیمنٹ کی کارروائی تعطل کا شکار ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے بیان میں کہا ’’پی ایم مودی نے منی پور کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ آپ نے سوچا ہوگا کہ ملک کے وزیر اعظم کچھ کہیں گے۔ آپ میں سے بہت سے لوگوں نے سوچا ہوگا کہ ملک کے وزیر اعظم ہوائی جہاز سے امپھال جائیں گے اور لوگوں سے بات کریں گے۔ کانگریس کے دور میں پی ایم یہی کیا کرتے تھے۔‘‘

راہل گاندھی نے پوچھا ’’وزیر اعظم نریندر مودی منی پور کے لیے کیا کر رہے ہیں؟ وہ منی پور کے بارے میں کچھ کیوں نہیں بول رہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ نریندر مودی کا منی پور سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ چنندہ لوگوں کے پی ایم ہیں، آر ایس ایس کے پی ایم ہیں۔ ان کا منی پور سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ان کے نظریے نے منی پور کو جلا دیا ہے لیکن منی پور کے درد اور تکلیف سے پی ایم مودی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here