پٹنہ،12/ جون، اردو، فارسی اور عربی زبان کے اساتذہ کے بحالی کے لئے قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے گزشتہ 16 مئی کو وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار، چیف سیکریٹری بہار جناب عامر سبحانی اور پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم بہار جناب دیپک کمار کو خط لکھ کر مانگ کیا تھا کہ اردو، فارسی اور عربی زبان کے اساتذہ بحالی کو یقینی بنانے کے لئے اسپیشل ایس ٹی ای ٹی نہیں کرایا گیا تو خصوصاً عربی اور فارسی کا ایک بھی استاد نہیں مل پائے گا۔ باوجود اس کے حکومت کی جانب سے سوائے کھانہ پرتی کے کچھ نہیں کیا گیا۔ محمد رفیع کے خط کو وزیر اعلی اور چیف سیکریٹری نے محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری کو بھیج کر صرف کھانہ پرتی کی اور کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔ اس لئے بیس دنوں کے بعد بھی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کچھ نہ ہوتا دیکھ کر جناب محمد رفیع نے وزیر اعلی، نائب وزیر اعلی، وزیر تعلیم، چیف سیکریٹری بہار اور پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم سے افسوس ظاہر کرتے ہوئے سابقہ خط کے حوالے سے یہ لکھا ہے کہ حکومت اردو، فارسی اور عربی زبان کے اساتذہ کے بحالی کو لے کر سنجیدہ نہیں ہے اور اس معاملے میں صرف سیاست ہو رہی ہے اس سے اردو آبادی میں شدید غصہ ہے، اردو آبادی بالکل یہ برداشت نہیں کرے گی اور وقت آنے پر غصہ کا اظہار کر معقول جواب دے گی۔