حضرت سید وامق میاں بریلوی کے اٹہترویں اور حضرت سید نشاط میاں بریلوی کے پینتالیسویں عرس میں کثیر تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔
بریلی خانقاہ وامقیہ نشاطیہ اشرفیہ بریلی شریف میں ہمیشہ کی طرح امسال بھی سیدالمشائخ علامہ سید فدا علی قادری جیلانی کا اٹھترواں عرس اور تاج الاصفیا حضرت سید نشاط میاں کا پینتالیسواں عرس اپنی قدیم روایات اور خانقاہی رنگ و آہنگ کے ساتھ منایا گیا۔ جملہ تقریبات عرس کی سرپرستی صاحبِ سجادہ حضرت سید محمد میاں وامقی جیلانی نے فرمائی۔
عرس کے پہلے دن یکم نومبر بروز بدھ بعد نماز ظہر پرچم کشائی سے عرس آل رسول کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن ، نعت و مناقب ، کے بعد بدر طریقت نے دعا فرمائی اور پرچم وامقی پھیراکر جلوس باغ احمد علی تالاب سے خانقاہ وامقیہ پہنچا اور پرچم نصب کرکے جلوس کا آغاز ہوا۔
بعدہ لنگر عام ہوا۔
عرس کے دوسرے دن بعد نماز فجر قرآن خوانی ہوئی اور محفل نعت ومناقب اور صاحب سجادہ کے ناصحانہ کلمات پر محفل کا اختتام ہوا ۔ بعد نماز عشا محفل سماع کا دور چلا بعدہ شب میں سلطان المشائخ حضرت خواجہ سید محمد نظام الدین اولیا محبوب الٰہی کے قل شریف کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بدر طریقت نے نہایت پرسوز انداز میں دعائے خصوصی فرمائی۔
تیسرے دن بروز جمعہ بعد نماز فجر قرآن خوانی ہوئی قبل نماز جمعہ نعت ومناقب کا سلسلہ چلا پھر اذان جمعہ اور سنن مؤکدہ کی ادائیگی کے بعد بدرطریقت نے جمعہ کا خطبہ ارشاد فرمایا کہ عرس کا مقصد یہ ہے کہ صاحب عرس کی زندگی سے سبق حاصل کیاجائے زندگی کو گناہوں اور برائیوں سے پاک و صاف کیاجائے،ان کی تعلیمات پر عمل کیاجائے۔ کمزوروں، غریبوں ، کی مدد کی جائے، سماج ومعاشرے سے برائیوں کا خاتمہ کیاجائے۔
بعد نماز عصر ختم خواجگان چشتیہ کا اہتمام کیاگیا، بعد نماز مغرب مزار شریف پر غلاف و چادریں پیش کی گئیں۔ بعد نماز عشا روحانی محفل سماع کا آغاز ہوا جو فجر تک چلا۔
عرس کے آخری اور چوتھے دن بعد نماز فجر قرآن خوانی ہوئی بعدہ آخری قل شریف کی تقریب کا آغاز ہوا۔ حافظ مجاہد وامقی نے تلاوت کلام پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ سید انس وامقی ، سید ذیشان وامقی ، قاری یٰسٓ قدیری ، مفتی ساجد حسنی پورنپوری ، قاری غلام مصطفٰی اشرفی کچھوچھوی، مولانا ہاشم ثقلینی بہٹہ ، قاری انوار ثقلینی ، مولانا فریاد قادری لکھیم پوری ، حافظ افضال وامقی ، ڈاکٹر سید عمران اشرفی سیدپوری نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ مفتی فھیم احمد ثقلینی ازہری نے حضرت سید وامق میاں بریلوی کی حیات و خدمات پر تفصیلی مقالہ پیش کیا ۔
علامہ ڈاکٹر محمود حسین وامقی بریلی کالج بریلی نے صاحبان عرس کا تعارف اور خانقاہ کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی، قاری علاءالدین وامقی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ ایک بجے قل شریف کی فاتحہ خوانی شروع ہوئی بدرطریقت حضرت سید اسلم میاں وامقی جیلانی نے ملک و ملت میں امن شانتی ، چین وسکون ، ترقی اور زائرین کے لیے دعائے خیر فرمائی۔ بعدہ لنگر عام شروع ہوا۔ لنگر تناول کرنے کے بعد بدرطریقت سے اجازت لے کر زائرین و مریدین رخصت ہوگئے ۔
قل شریف میں جامعہ وامقیہ عطائے غریب نواز کے طلبہ ، ائمہ مساجد اور علما وحفاظ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔